گلیات میں انسانی ڈھانچہ برآمد۔ شناخت کے لیے پولیس کی اپیل

جائے وقوعہ سے کپڑوں کے کچھ ٹکڑے اور خاتون کی چپل بھی ملی ہے

               
April 12, 2026 · قومی

ایبٹ آباد (نوید اکرم عباسی) گلیات کے سیاحتی مقام توحید آباد سے ملنے والی نعش کس کی ھے کتنے عرصہ پرانی ھے اسکے حوالے سے ایبٹ آباد پولیس نے شناخت کے لیے مدد کی اپیل کی ۔ مقامی لوگوں سے بھی شناخت کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔

ترجمان ایبٹ آباد پولیس کے مطابق تھانہ ڈونگاگلی پولیس کو مورخہ 11 اپریل مغرب کے وقت توحید آباد کے مقام سے انسانی ہڈیوں پر مشتمل ایک مختصر ڈھانچہ برآمد ہوا۔ جائے وقوعہ سے کپڑوں کے کچھ ٹکڑے اور خاتون کی چپل بھی ملی، جس سے بظاہر یہ شبہ ظاہر ہوتا ہے کہ نعش کسی عورت کی ہو سکتی ہے۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد کو تحویل میں لے لیا اور ہڈیوں کے ڈھانچے کو ضابطہ کے مطابق قبضہ پولیس میں لے کر پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے متعلقہ لیبارٹری روانہ کر دیا ہے، تاکہ نعش کی شناخت ممکن بنائی جا سکے۔
ایبٹ آباد پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس حوالے سے کوئی معلومات موجود ہوں یا کسی لاپتہ خاتون کے بارے میں علم ہو تو فوری طور پر ایس پی حویلیاں جمیل الرحمن قریشی یا ڈی ایس پی گلیات سے رابطہ کریں، تاکہ نعش کی شناخت کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس کے مطابق معلومات فراہم کرنے والے کا نام مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔