این ڈی ایم اے کا مختلف علاقوں میں بارش کا الرٹ جاری
پہاڑی علاقوں میں اس دوران آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ ساتھ برفباری بھی متوقع ہے
این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور پنجاب میں 12 اپریل تا 17 اپریل تک بارش کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ، محتاط رہنے اور متوقع موسم کے لیے تیار رہنے کی تاکید کی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں اس دوران آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ ساتھ برفباری بھی متوقع ہے جبکہ اس دوران سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی۔اسلام آباد سمیت پنجاب کے متعدد شہروں بشمول مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں 13 سے 17 اپریل تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں گرج چمک اور آندھی سے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور جیسے اضلاع متاثر ہونے کا امکان ہے۔ ان علاقوں کے عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈی آئی خان میں تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔