اسحاق ڈار کی سعودی اور مصری ہم منصبوں سے رابطہ ، اسلام آباد مذاکرات پر تبادلہ خیال

اسحاق ڈار نے فریقین کے درمیان رابطوں کو آسان بنانے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا۔

               
April 12, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے سفارتی محاذ پر سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اتوار کے روز انہوں نے سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال اور “اسلام آباد مذاکرات” کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد میں جاری مذاکراتی عمل پر اعتماد میں لیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ فریقین کے لیے ضروری ہے کہ وہ جنگ بندی کے معاہدوں کی مکمل پاسداری کریں تاکہ خطے کو مزید تباہی سے بچایا جا سکے۔

مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے فریقین کے درمیان رابطوں کو آسان بنانے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ مشترکہ طور پر امریکہ اور ایران کے درمیان جاری لڑائی کو رکوانے اور ایک پائیدار امن معاہدے کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کی منزل صرف پائیدار مذاکرات کے ذریعے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی طاقتوں اور علاقائی ممالک کے تعاون سے جاری یہ سفارتی کوششیں رنگ لائیں گی۔