وزیراعظم شہباز شریف کا خطے میں پائیدار امن کیلیے کردار جاری رکھنے کا عزم

کچھ پیچیدہ مسائل حل طلب ہیں، لیکن حکومتِ پاکستان پائیدار حل کے لیے مخلصانہ اور بھرپور کوششیں کر رہی ہے ، کابینہ اجلاس میں خطاب

               
April 13, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان تنازعات کے حل کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لا رہا ہے اور اس ضمن میں اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ امن مذاکرات ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی (Ceasefire) تاحال برقرار ہے، جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اگرچہ اب بھی کچھ پیچیدہ مسائل حل طلب ہیں، لیکن حکومتِ پاکستان ان کے پائیدار حل کے لیے مخلصانہ اور بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے اسلام آباد امن مذاکرات کا تذکرہ کرتے ہوئے اسے ایک بڑا سفارتی معرکہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد امن مذاکرات اپنی جگہ ایک تاریخی موقع تھے۔ پاکستان کو ایک ایسے وقت میں عالمی سطح پر مصالحت کار کے طور پر میزبان بننے کا موقع ملا جب پوری دنیا کی معیشت عدم استحکام کا شکار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معاشی بحران کے دوران دو اہم طاقتوں کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی کامیاب خارجہ پالیسی اور علاقائی استحکام کے لیے اس کی اہمیت کا ثبوت ہے۔ پاکستان کا مقصد خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے تاکہ عالمی معیشت اور سیکیورٹی پر پڑنے والے منفی اثرات کو کم کیا جا سکے۔