وزیر خزانہ کی ورلڈ بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشن سے ملاقات، اصلاحات پر تبادلہ خیال
ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات چیت،مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے اثرات سے نمٹنے کے اقدامات پر غور
فائل فوٹو
واشنگٹن : وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاسوں 2026 کے دوران اپنی مصروفیات کا آغاز آج ورلڈ بینک گروپ کی منیجنگ ڈائریکٹر (آپریشنز) انا بیردے سے ایک اہم ملاقات سے کیا۔
وزیر خزانہ نے ملاقات کے دوران پاکستان کی اصلاحات اور ترقیاتی ایجنڈے کے لیے ورلڈ بینک گروپ کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات چیت کی گئی، خاص طور پر مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے اثرات سے نمٹنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بیرونی دباؤ کے اثرات سے عوام کے کمزور طبقات کو بچانے کے لیے سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (سی پی ایف) کے تحت پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر تسلی کا اظہار اور طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے مزید مسلسل کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کے آبادی سے متعلق چیلنجز سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس ضمن میں انہوں نے ورلڈ بینک سے ایک جامع ماسٹر پلان تیار کرنے میں تعاون کی درخواست کی۔