مری : لینڈ سلائیڈنگ متاثرین کامعاوضے کا مطالبہ

مسجد میں متاثرین کا اجتماع۔سہر بگلہ میں بھی زمین سرکنے لگی، آبادی کو خطرہ

               
April 13, 2026 · قومی
فوٹو امت

فوٹو امت

مری : جھیکا گلی لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ جن لوگوں کے گھر تباہ ہوئے ہیں انہیں فی الفور متبادل جگہ اور گرنے والے مکانات کا معاوضہ دیا جائے تاکہ لوگ اپنے گھر تعمیر کر سکیں۔

دوسری طرف مری کے نواحی علاقے سہر بگلہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ابادی خطرے سے دوچار ہو گئی ہے۔مری میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہونے والے کوثر کالونی کے مکینوں نے پیر کے روز مسجد میں جرگہ منعقد کیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ متاثرین کو فوری طور پر متبادل جگہ اور مکانات تعمیر کرنے کے لیے معاوضہ دیا جائے۔

مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ سات گھر اور ایک مسجد مکمل طور پر تباہ ہوئی ہے جبکہ کئی گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے تا ہم وہ بھی مکمل تباہی کے خطرے سے دوچار ہیں۔ادھر یوسی سہربگلہ مین بازار کے ساتھ بڑی لینڈ سلائیڈنگ شروع ہو گئی۔

مقامی لوگوں کے مطابق گزشتہ بارشوں کے باعث مین کوہالہ مظفرآباد روڈ کےساتھ لینڈ سلائیڈنگ شروع ہوئی جو آ ہستہ آ ہستہ روڈ کی طرف آ رہی ہے۔خطرے کے پیش نظر مکینوں نے بعض گھر خالی کر دیے ہیں۔

مکینوں نے ایم این اےاسامہ سرور اور ایم پی اے بلال یامین ستی، ڈی سی مری سے مطالبہ کیا کے ان کے گھروں کو نقصان سے بچایا جائے۔ سلائیڈ میں موجود بڑے پتھر کو فوری طور پر بلاسٹ کروایا جائے جس کے گرنے کی صورت میں کئی مکانات زد میں آ سکتے ہیں۔