پاکستان کی ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش
امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ جمعرات کو ہونے کا امکان ہے
اسلام آباد — پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو پاکستانی عہدیداروں نے بتایا کہ اسلام آباد نے تجویز دی ہے کہ جاری سیز فائر کی مدت ختم ہونے سے پہلے مذاکرات کا دوسرا دور پاکستان میں منعقد کیا جائے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا دوسرا مرحلہ جمعرات کو ہونے کا امکان ہے، جبکہ امریکی حکام بھی اس بات کی توقع ظاہر کر رہے ہیں کہ فریقین کسی نئے بالمشافہ مذاکرات پر غور کر رہے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا عمل اب بھی جاری ہے اور معاہدے تک پہنچنے کے لیے پیش رفت ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں 11 اپریل کو ہونے والے پہلے مرحلے کے مذاکرات میں دونوں فریقین کے درمیان تقریباً 21 گھنٹے تک بات چیت جاری رہی تھی، تاہم اس کے باوجود کوئی حتمی معاہدہ سامنے نہیں آ سکا تھا۔
اس حوالے سے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا تھا کہ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور اب ایران کے پاس فیصلہ کرنے کا موقع ہے۔
دوسری جانب ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ان کا ملک منصفانہ معاہدے کے لیے تیار ہے، جبکہ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی زور دیا ہے کہ خطے میں نئی جنگ کو روکنا ضروری ہے اور اس بحران کا کوئی فوجی حل موجود نہیں۔