فارن فنڈنگ کیس:بانی پی ٹی آئی مرکزی ملزم قرار

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے کیس کا چالان مکمل کر لیا ہے، جو جلد عدالت میں جمع کروائے جانے کا امکان ہے۔

               
April 14, 2026 · قومی

اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں انہیں مرکزی ملزم قرار دیتے ہوئے 57 صفحات پر مشتمل چالان تیار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے کیس کا چالان مکمل کر لیا ہے، جو جلد عدالت میں جمع کروائے جانے کا امکان ہے۔ چالان میں مجموعی طور پر 11 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ تین ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چالان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مختلف ممالک سے پارٹی اکاؤنٹس میں بڑی تعداد میں ٹرانزیکشنز ہوئیں، جو “نیا پاکستان” کے نام سے موصول ہوئیں۔ الزام کے مطابق مجموعی طور پر 2.1 ملین ڈالر کی مبینہ غیر قانونی فنڈنگ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

چالان میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ایک غیر ملکی کمپنی “ووٹ آن کرکٹ لمیٹڈ” کے ذریعے فنڈز منتقل کیے گئے، جسے دستاویزات میں مختلف مقامات پر رجسٹرڈ ظاہر کیا گیا۔ تاہم تفتیشی رپورٹ میں اس کمپنی کے وجود پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

اسلام آباد کی اسپیشل کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ چالان مکمل ہو چکا ہے اور اسے جلد عدالت میں جمع کرایا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 اپریل تک ملتوی کر دی ہے۔

دوسری جانب عدالت نے بعض ملزمان کی عبوری ضمانت میں بھی توسیع کر دی، جبکہ ایک ملزم کی بیرون ملک موجودگی پر عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔