باجوڑ: افغان طالبان کی گولہ باری سے 2 بچوں سمیت3افراد شہید ، 10 افراد زخمی
افغان حدود سے داغے گئے مارٹر گولے باجوڑ کی مختلف تحصیلوں کے سرحدی دیہاتوں میں سول آبادی پر گرے۔
باجوڑ، جاں بحق ہونے ولا بچہ
باجوڑ: پاک افغان سرحدی ضلع باجوڑ کے مختلف علاقوں میں سرحد پار سے افغان طالبان کی جانب سے بلا اشتعال مارٹر گولہ باری کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں2 بچوں سمیت ایک ہی گھر کے3افراد شہید اور خواتین و بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق افغان حدود سے داغے گئے مارٹر گولے باجوڑ کی مختلف تحصیلوں کے سرحدی دیہاتوں میں سول آبادی پر گرے۔
سرحد پار سے داغے گئے گولے تحصیل ماموند کے علاقے برہ لغڑئی میں گرے، جس کی زد میں آکرایک ہی گھر کے3افراد شہیدجبکہ 4 دیگر افراد زخمی ہوئے۔
سرحدی علاقے لیٹئی میں بھی مارٹر گولہ گرنے سے 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جن میں مقامی آبادی کے عام شہری شامل ہیں۔
واقعے کے فوراً بعد مقامی افراد اور ریسکیو حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔ شہید بچے کی میت اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
سرحد پار سے ہونے والی اس بلا اشتعال گولہ باری کے باعث سرحدی علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ حکام کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور سرحدی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔