مؤثر پالیسیوں کے باعث معیشت میں استحکام آیا،آئی ایم ایف
مضبوط معاشی حکمت عملی کے ساتھ ساختی اصلاحات کا تسلسل انتہائی اہم ہے
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مؤثر پالیسیوں کے باعث معیشت میں استحکام آیا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ گفتگو عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران کی گئی۔
کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ مضبوط معاشی حکمت عملی کے ساتھ ساختی اصلاحات کا تسلسل انتہائی اہم ہے، جو نہ صرف ترقی کے عمل کو جاری رکھتا ہے بلکہ عوامی فلاح میں بھی بہتری لاتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد ہی دیرپا معاشی استحکام کی بنیاد بنتا ہے۔
وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے مثبت بیانات پاکستان کی معاشی سمت پر عالمی اعتماد کی عکاسی کرتے ہیں اور یہ پیش رفت مستقبل میں مزید استحکام کے لیے معاون ثابت ہو سکتی ہے۔