ہنگو آپریشن:7 دہشت گرد ہلاک، پولیس جوان شہید
شہید اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائن ہنگو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں سکیورٹی حکام اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس اور فرنٹیئر کور نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں سات دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔
حکام کے مطابق سرکی پیالہ کے مقام پر رات کے وقت دہشت گردوں نے پولیس چوکی کو نشانہ بنایا، تاہم تعینات اہلکاروں نے بروقت اور بھرپور جواب دیتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔ صورتحال کے پیش نظر پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔
سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے دوران سات دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے ساتھی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ آپریشن کے دوران پولیس کے بہادر جوان حاجی عبدالمعصود نے جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت حاصل کی۔
شہید اہلکار کی نماز جنازہ پولیس لائن ہنگو میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں سکیورٹی حکام اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے تعاون سے امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ علاقے میں صورتحال اب قابو میں ہے۔