لبنان میں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ خطے میں استحکام کے لیے ضروری ہے،دفتر خارجہ

امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں پاکستان کا کردار بطور سہولت کار اور ثالث جاری ہے اور یہ عمل مجموعی طور پر مثبت اور تعمیری رہا ہے۔

               
April 16, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ لبنان میں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ خطے میں استحکام کے لیے ضروری ہے

امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں پاکستان کا کردار بطور سہولت کار اور ثالث جاری ہے اور یہ عمل مجموعی طور پر مثبت اور تعمیری رہا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں کوئی بڑا بریک تھرو یا بریک ڈاؤن سامنے نہیں آیا، تاہم فریقین کے درمیان بات چیت کا تسلسل برقرار رہا۔ ان کے مطابق مذاکرات تقریباً 21 گھنٹے جاری رہے جبکہ مجموعی سفارتی عمل 30 گھنٹوں سے زائد پر محیط تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے اس پورے عمل میں اعتماد سازی اور سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ فریقین کے درمیان ملاقاتیں مثبت ماحول میں ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے جاری رہیں گی، اور اس عمل میں دوست ممالک اور عالمی شراکت داروں کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔

لبنان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی کے امکانات کو مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، اور لبنان میں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ خطے میں استحکام کے لیے ضروری ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ مذاکرات کی آئندہ تاریخوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے کیونکہ شیڈول کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششوں سے خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے امکانات کو فروغ ملا ہے، اور یہ کردار آئندہ بھی جاری رہے گا۔