پاکستان اور ترکی کی مشترکہ کمانڈو مشق جناح XIII کامیابی سے مکمل

               
April 16, 2026 · اہم خبریں, قومی

راولپنڈی: پاکستان اور ترکی کی مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز کی مشق “جناح XIII” ترکی میں کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی، جس میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی کی جنگی ٹیموں نے اپنے ترک ہم منصبوں کے ساتھ انقرہ اور اسپارتا میں تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ مشق کے دوران دونوں ممالک کے دستوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مشق کا بنیادی مقصد انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق تکنیک، طریقہ کار اور حکمت عملی کو بہتر بنانا تھا، جبکہ شہری علاقوں میں لڑائی اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (آئی ای ڈیز) کے خلاف مؤثر کارروائی پر خاص توجہ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق نے پاکستان اور ترکی کے درمیان فوجی تعاون، ہم آہنگی اور دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔