آزاد کشمیر پولیس کی بروقت کارروائی،بھارتی خفیہ نیٹ ورک بے نقاب،ایک کارندہ گرفتار
ملزم فوجی تنصیبات اور تعلیمی اداروں سے متعلق معلومات بھی منتقل کرتا رہا اور سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں رہ کر حساس ڈیٹا شیئر کرتا تھا۔
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرنے والے ایک کارندے کو گرفتار کر لیا ہے۔
آئی جی پولیس آزاد کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کے مطابق یہ کارروائی راولا کوٹ میں کی گئی، جہاں گرفتار ملزم عرفان حساس مقامات کی ریکی اور ویڈیوز بنا کر معلومات بیرونی عناصر کو فراہم کرتا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم فوجی تنصیبات اور تعلیمی اداروں سے متعلق معلومات بھی منتقل کرتا رہا اور سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں رہ کر حساس ڈیٹا شیئر کرتا تھا۔
آئی جی کے مطابق پولیس کی کارروائی کے دوران ایک مکمل نیٹ ورک بھی بے نقاب ہوا ہے، جس کے بعد مزید تفتیش جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کر کے ممکنہ خطرات کو ناکام بنایا اور ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کی سرزمین کے تحفظ کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔