رحمان بابا ایکسپریس کے انجن میں آتشزدگی، بڑا حادثہ ٹل گیا
عملے نے فوری طور پر انجن کو ٹرین سے الگ کر دیا تاکہ آگ دیگر بوگیوں تک نہ پھیل سکے۔
کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم بروقت کارروائی کے باعث بڑا حادثہ ٹل گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق یہ واقعہ گڈانی اور دھابیجی اسٹیشن کے درمیان پیش آیا، جہاں ٹرین کے انجن میں اچانک آگ لگ گئی۔ عملے نے فوری طور پر انجن کو ٹرین سے الگ کر دیا تاکہ آگ دیگر بوگیوں تک نہ پھیل سکے۔
عینی شاہدین کے مطابق مقامی افراد نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا اور آگ بجھانے میں مدد فراہم کی۔ بروقت ردعمل کے باعث صورتحال پر جلد قابو پا لیا گیا۔
ریلوے حکام نے تصدیق کی ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔ حکام کے مطابق انجن میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
پاکستان ریلوے نے کہا ہے کہ مسافروں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔