پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں، امریکا پر نہیں، ایرانی سفیر
جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے ، کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ، تقریب سے خطاب
فائل فوٹو
اسلام آباد: ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان پر اعتماد کرتے ہیں، امریکا پر نہیں۔ مذاکرات صرف پاکستان میں ہوں گے، کہیں اور نہیں ہوں گے۔
اسلام آباد کے پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ امریکا قابلِ بھروسہ ملک نہیں، ایران نے پاکستان کو قابلِ اعتماد اور غیر جانبدار ثالث قرار دے دیا۔
رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں بالادستی نہیں چاہتا،خودمختاری کا تحفظ چاہتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جوہری پروگرام مکمل طور پر پُرامن ہے، کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ آئی اے ای اے نے بھی ایران کے جوہری ہتھیار نہ بنانے کی تصدیق کی۔
ایران میں پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سفارتی کردار اور امن کوششوں کو ایران کی جانب سے سراہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران 1979 کے انقلاب کے بعد سے مسلسل دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، 47 برس سے امریکا اور صہیونی قوتوں کا دباؤ برداشت کیا، مگر وہ ناکام رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل خطے میں بالادستی چاہتا ہے، امریکا اس کی حمایت کرتا ہے، امریکا نے مذاکرات کے دوران اچانک حملے کیے، سفارتی عمل متاثر ہوا۔
ایرانی سفیر نے واضح پیغام دیا کہ ایران کو جانی و مالی نقصان کے باوجود قوم متحد اور مضبوط ہے۔