راولپنڈی، اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ اڈے 26 اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ
دیگر شہروں سے جڑواں شہروں میں داخل ہونے والی ٹریفک پر بھی پابندی ہوگی ، انتظامیہ
فائل فوٹو
اسلام آباد: حکومت نے جڑواں شہروں، راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکورٹی اور انتظامی وجوہات کی بناء پر بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلے کے مطابق آج رات 11 بجے سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے تمام چھوٹے بڑے ٹرانسپورٹ اڈے سیل کر دیے جائیں گے، جو 26 اپریل تک بند رہیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق اس دوران راولپنڈی اور اسلام آباد سے دوسرے اضلاع کو جانے والی تمام پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹریفک معطل رہے گی۔ اسی طرح، دیگر شہروں سے جڑواں شہروں میں داخل ہونے والی ٹریفک پر بھی پابندی ہوگی اور کسی بھی بین الاضلاعی بس یا ویگن کو شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شہریوں کی سہولت کے لیے واضح کیا گیا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی حدود کے اندر چلنے والی انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ (مقامی روٹس) معمول کے مطابق بحال رہے گی۔ مقامی بسیں، ویگنیں اور ٹیکسیاں دونوں شہروں کے اندر مسافروں کو خدمات فراہم کرتی رہیں گی تاکہ شہر کے اندرونی نقل و حرکت متاثر نہ ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ ٹرانسپورٹ یونینز کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے 26 اپریل تک اپنے بین الاضلاعی سفر کی منصوبہ بندی نہ کریں۔