راولپنڈی: سکیورٹی خدشات، بارانی یونیورسٹی 26 اپریل تک بند
یونیورسٹی کا مین کیمپس اور تمام ملحقہ ادارے 18 اپریل سے 26 اپریل 2026 تک بند رہیں گے
راولپنڈی میں سکیورٹی وجوہات کے پیش نظر پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی کا مین کیمپس اور تمام ملحقہ ادارے 18 اپریل سے 26 اپریل 2026 تک بند رہیں گے۔ اس دوران جامعہ میں فزیکل کلاسز مکمل طور پر معطل رہیں گی جبکہ تدریسی عمل کو آن لائن موڈ پر منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق مقامی سکیورٹی صورتحال کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ مزید برآں ہاسٹلز میں مقیم طلبہ کو فوری طور پر کمرے خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے تمام اساتذہ اور اسٹاف ممبران کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی سرگرمیاں آن لائن جاری رکھی جائیں گی۔