عمران خان حکم کریں تو اگلے دن اسلام آباد ہوں گے ،سہیل آفریدی
اس مرتبہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس گراؤنڈ میں منعقد کریں گے، مردان میں جلسے خطاب
فوٹو سوشل میڈیا
مردان: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کا حکم دیا ہے، عمران خان کو پیغام دیا کہ قوم تیار ہے، حکم کریں تو اگلے دن اسلام آباد ہوں گے، ایک بار نہیں ہزار بار عمران خان کی کال پر قربان ہوں گے۔
یہ بات انہوں ںے مردان میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے اس موقع پر مردان کے لیے 50 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان بھی کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ مردان جلسے میں عوام کا جم غفیر عمران خان کی کال پر آیا ہے، ہماری اپنی کوئی حیثیت نہیں ہے، کچھ ٹاؤٹس کہتے تھے لوگ نہیں نکلیں گے لیکن مردان نے ثابت کر دیا عوام عمران خان کی کال پر لبیک کہتے ہیں، عمران خان نے اسٹریٹ موومنٹ کا کہا، 25 اپریل کو آزاد کشمیر اور یکم مئی کو لاہور جاؤں گا، عمران خان کو پیغام دیا کہ قوم تیار ہے، حکم کریں تو اگلے دن اسلام آباد ہوں گے، ایک بار نہیں ہزار بار عمران خان کی کال پر قربان ہوں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان کل بھی لیڈر تھا اور آج بھی لیڈر ہے، جو لوگ کہتے تھے کہ عمران خان ختم ہو چکا ہے عوام نے انہیں واضح پیغام دے دیا ہے، میرا لیڈر ایک ہی ہے اور وہ عمران خان ہے، جو حکم دے گا وہی کروں گا، جو ہمارے لیڈر عمران خان کی پالیسی ہے اس پر کل بھی کھڑا تھا اور آج بھی کھڑا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کا مسئلہ ریاست کی ناکام پالیسی کا نتیجہ ہے، عمران خان کے دور میں امن قائم تھا، ناکام پالیسی سے دہشت گردی دوبارہ آئی، میں نے خیبرپختونخوا میں آپریشن کی مخالفت ڈنکے کی چوٹ پر کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان کی عدالتوں سے امید ختم ہو چکی ہے، نظریں عوام پر ہیں، عمران خان اور ان کی اہلیہ کا ذاتی معالجین اور فیملی کی موجودگی میں علاج نہ ہونے تک احتجاج جاری رہے گا، علاج نہ کرانا اور ملاقاتیں بند کرنا دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارے دور میں جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد تھی جو کم ہو کر 2.5 فیصد رہ گئی، قرضے 50 ہزار ارب سے بڑھ کر 81 ہزار ارب ہو گئے، گزشتہ تین سال میں قرضوں میں 31 ہزار ارب روپے اضافہ ہوا، پٹرول 150 روپے سے بڑھ کر 360 روپے سے زائد ہو چکا ہے، کسان اور مزدور مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں، عوام کی قوت خرید ختم ہو گئی، ریجیم چینج کے بعد سے ہم نے سکھ کا سانس نہیں لیا، ایک ایلیٹ قبضہ مافیا نے ملک کے ہر عہدے پر قبضہ کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج خطے میں مذاکرات ہو رہے ہیں، اس کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے، مذاکرات عمران خان کی پالیسی ہے، وہ 2002 میں یہ بات کرتے تھے، دنیا آج کر رہی ہے، عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے مشاورت کی جائے، ہم اس کا خیال رکھیں گے، اس مرتبہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس گراؤنڈ میں منعقد کریں گے، کامیاب جلسے پر پی ٹی آئی تنظیم، پارلیمنٹرینز اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔