خضدار میں فائرنگ سے پہلی خاتون اہلکار سمیت 2شہید

ملک ناز نے بہادری کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔سرفراز بگٹی

               
April 20, 2026 · قومی

خضدار پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہیڈ کانسٹیبل اور صوبے کی پہلی خاتون کانسٹیبل شہید جبکہ ایڈیشنل ایس ایچ او اور ایک اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز سولر پلیٹوں کی چوری کے حوالے سے پولیس نے علاقے باجوئی میں چھاپہ مارا تو وہاں موجود دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کانسٹیبل ملک ناز بی بی اور ہیڈ کانسٹیبل سمیع اللہ موقع پر شہید ہوگئے۔

ایڈیشنل ایس ایچ او محمد ابراہیم اور کانسٹیبل نجیب الرحمن زخمی ہوئے۔ پولیس مزید کارروائی کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پہلی خاتون پولیس کانسٹیبل ملک ناز نے بہادری کی نئی مثال قائم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ملک ناز کی قربانی اس لئے بھی عظیم ہے کہ ان کے شوہر عبدالغنی بھی پہلے ہی وطن پر قربان ہو چکے ہیں، حکومتِ بلوچستان اس مشکل گھڑی میں ان کے بچوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مکمل سرپرستی کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا