سیکورٹی صورتحال کے پیش نظرجڑواں شہروں میں یونیورسٹیاں آن لائن شفٹ
20 اور 21 اپریل کے درمیان ہونے والے مڈ ٹرم امتحانات بھی مؤخر کر دیے گئے
اسلام آباد اور راولپنڈی کی کئی جامعات نے اتوار کے روز تعلیمی شیڈول میں تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کلاسز آن لائن منتقل کرنے اور امتحانات مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام پاک امریکہ ایران مذاکرات کے دوسرے دور سے قبل کیا گیا ہے جو اسلام آباد میں متوقع ہیں۔
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 سے 24 اپریل تک تمام کلاسز آن لائن ہوں گی جبکہ 20 اور 21 اپریل کے درمیان ہونے والے مڈ ٹرم امتحانات بھی مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ نے غیر تدریسی عملے کیلئے چار روزہ ورکنگ ویک متعارف کرایا ہے، جس کے تحت پیر سے جمعرات تک کام ہوگا جبکہ 50 فیصد عملہ گھر سے کام کرے گا۔ یہ پالیسی 20 اپریل سے 30 اپریل تک نافذ العمل رہے گی۔
دوسری جانب پیر مہر علی شاہ زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے اعلان کیا ہے کہ 18 اپریل سے 26 اپریل تک تمام کلاسز آن لائن ہوں گی۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی کا مرکزی کیمپس ایک ہفتے کیلئے بند رہے گا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ “یونیورسٹی ہاسٹلز میں رہائش پذیر تمام طلبہ کو فوری طور پر ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔” اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ افسران، اساتذہ اور دیگر عملے سمیت تمام ملازمین اس عرصے میں اپنے فرائض گھر سے انجام دیں گے، جبکہ ضروری عملہ حسبِ ضرورت موجود رہے گا۔
دوسری جانب راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی نے الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے تمام شیڈول امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے مزید کہا کہ ملتوی کیے گئے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
اسی طرح کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد نے ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام کلاسز آن لائن منتقل کر دی ہیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیر 20 اپریل سے تمام کلاسز آن لائن ہوں گی جبکہ جاری مڈٹرم امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ تمام کلاسز مقررہ ٹائم ٹیبل کے مطابق آن لائن جاری رہیں گی۔
اس سے قبل امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں متوقع ہے اور امریکی نمائندے کل پاکستان کے دارالحکومت پہنچ رہے ہیں۔