کراچی:میٹرک امتحانات میں نقل مافیا کے خلاف کارروائی، 4 ملزمان گرفتار
یہ کارروائی شہر کے مختلف علاقوں ملیر، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی اور گلشن سے کی گئی،
کراچی — شہر میں جاری میٹرک امتحانات کے دوران نقل مافیا کے خلاف پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی آئی اے پولیس کے مطابق یہ کارروائی شہر کے مختلف علاقوں ملیر، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی اور گلشن سے کی گئی، جہاں سے مبینہ طور پر پیپر لیک اور نقل کے نیٹ ورک میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت مبین خان، اسامہ، بلال اور عبدالرزاق کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مرکزی ملزم مبین خان کے زیرِ انتظام متعدد آن لائن گروپس فعال تھے، جن کے ہزاروں طلبہ ممبرز تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گروہ امتحان سے قبل پرچہ لیک کرانے کے عوض طلبہ سے بھاری رقوم وصول کرتا تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ گروہ مختلف ڈیجیٹل ذرائع اور آن لائن بینکنگ سسٹمز کے ذریعے پیسے وصول کرتا تھا اور بعض صورتوں میں ایک پرچے کے لیے چالیس ہزار روپے تک وصول کیے جاتے تھے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے نیا طریقہ اختیار کرتے ہوئے طلبہ کو گھروں میں بیٹھ کر پرچے حل کروانے اور امتحانی مراکز کے قریب خفیہ مقامات پر بھی یہ سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی تھیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔
حکام نے اس معاملے کو امتحانی نظام کی شفافیت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔