پی ایم ڈی سی کا غیر قانونی ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹروں کیخلاف سخت کارروائی کا اعلان
ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل اداروں کیلئے نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے بغیر لائسنس ہاؤس جاب کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل اداروں کیلئے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
پی ایم اینڈ ڈی سی کے مطابق ہاؤس جاب میں داخلے کیلئے عبوری (پروویژنل) لائسنس کا حصول لازمی قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ بغیر لائسنس کسی بھی امیدوار کو ہاؤس جاب میں شامل کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
کونسل نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام اقدامات غیر قانونی تصور ہوں گے۔جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل ادارے اس امر کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی امیدوار کو ہاؤس جاب کی اجازت دینے سے قبل اس کا عبوری لائسنس یا آن لائن درخواست کی باقاعدہ تصدیق کی جائے۔ بغیر تصدیق کے داخلہ دینے والے ادارے قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب سمجھے جائیں گے۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے خبردار کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ہسپتالوں اور اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔کونسل کے مطابق ان اقدامات کا مقصد طبی شعبے میں پیشہ ورانہ معیار کو بہتر بنانا اور مریضوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔