لندن میں علامہ طاہر اشرفی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی، ویڈیو وائرل
لندن میں تحریک انصاف کے شر پسندوں کی علامہ کی فیملی کے سامنے گالم گلوچ اور بد زبانی
فوٹو سوشل میڈیا
لندن : چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کی لندن میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تکرار کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی۔ واقعے کے دوران فریقین کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، جس نے سیاسی و عوامی حلقوں کی توجہ حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ علامہ طاہر محمود اشرفی کو چند افراد نے گھیر رکھا ہے اور ان سے پاکستان کے سیاسی حالات کے حوالے سے سوالات کر رہے ہیں۔ گفتگو کا آغاز اگرچہ سوال و جواب سے ہوا، تاہم جلد ہی فریقین کے لہجوں میں شدید تلخی پیدا ہوگئی۔
لندن میں تحریک انصاف کے شر پسندوں کا حافظ طاہر اشرفی اور اُن کی فیملی پر حملہ۔ علامہ کی فیملی کے سامنے شر پسندوں کی گالم گلوچ اور بد زُبانی pic.twitter.com/GyBJ1MHRyV
— Rizwan Jarral (@JarralRiz) April 26, 2026
مبینہ طور پر سوالات کرنے والے افراد کا تعلق تحریک انصاف سے بتایا جا رہا ہے جو علامہ اشرفی کے سیاسی بیانیے اور ماضی کے موقف پر نالاں دکھائی دیے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ علامہ طاہر اشرفی نے بھی ان کے الزامات اور سوالات کا سختی سے جواب دیا، جس کے باعث صورتحال کافی کشیدہ نظر آئی۔
علامہ طاہر اشرفی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخصیت کو عوامی جگہ پر اس طرح ہراساں کرنا اخلاقی اور قانونی طور پر غلط ہے۔