15سال سے کم عمربچوں کے سفر حج پر پابندی کاسعودی فیصلہ واپس

پہلے مسترد ہونے والے ویزے دوبارہ پراسیس کردیے جائیں گے۔مراسلہ

               

سعودی وزارتِ حج نے کم عمر بچوں سے متعلق پالیسی میں تبدیلی واپس لے لی اور 15 سال سے کم عمر بچوں پر پابندی ختم کرتے ہوئے پرانی پالیسی بحال کردی ہے۔

نئے احکامات کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کو حج کی اجازت دوبارہ دے دی گئی ہے، جس کے تحت پہلے مسترد ہونے والے ویزے دوبارہ پراسیس کردیے جائیں گے۔

وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جس میں پاکستانی حجاج کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور بچوں سے متعلق سہولت بحال ہوگئی ہے۔ڈائریکٹوریٹ جنرل حج پاکستان کی جانب سے جاری مراسلے میں عمر کی نئی حد سے متاثرہ درخواستیں دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سرکاری مراسلے کے مطابق ایسے تمام عازمینِ حج جو اس عمر کے معیار پر پورا نہیں اترتے، ان کے حج ویزے فوری طور پر منسوخ کیے گئے تھے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر موجود امیگریشن حکام اور ایئر لائنز بشمول پی آئی اے، سعودی ایئر لائن، ایئر بلو اور ایئر سیال کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ وہ کسی بھی کم عمر عازم کو حج پروازوں میں سوار نہ ہونے دیں۔

سعودی حکومت نے آج ہی حج 2026 کے لیے عازمینِ کی عمر کے حوالے سے نئی اور سخت پابندی فوری طور پر نافذ کی تھی۔ فیصلے کے مطابق 15 سال سے کم عمر بچوں کو رواں برس حج کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

ٹیگز: