لکپاس میں واقع کسٹمز کے ویئر ہاؤس میں آگ بھڑک اٹھی۔ 35 افراد زخمی۔ سو سے زائد گاڑیاں جل گئیں
ویئر ہائوس میں اربوں روپے مالیت کی پکڑی جانے والی غیر ملکی گاڑیاں اور قیمتی اشیاء موجود تھیں
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب ضلع مستونگ کے علاقے لکپاس میں واقع کسٹمز کے ویئر ہاؤس میں آگ بھڑک اٹھنے سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے۔35افراد زخمی ہوگئے، جبکہ نجی ٹی وی کے مطابق سو سے زائد گاڑیاں جل گئیں۔
پی ڈی ایم اے کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آگ کی اطلاع موصول ہونے پر ریلیف کمشنر اور ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان کی ہدایات پر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موقع پر 30 ریسکیورز، 13 ایمبولینسز، چار فائر ٹرکس اور سات واٹر باؤزرز لگا دیے گئے۔
امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طور پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد شدید زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ اور بی ایم سی برن یونٹ منتقل کر دیا گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق فیلڈ اسسمنٹ کے دوران ایک بڑے ایل پی جی باؤزر میں دھماکے کے نتیجے میں ڈی جی پی ڈی ایم اے، ڈپٹی کمشنر مستونگ، ونگ کمانڈر ایف سی اور اسسٹنٹ کمشنر سریاب بھی معمولی زخمی ہو گئے۔
پی ڈی ایم اے کے اعلامیہ کے مطابق ویئر ہاؤس کے اندر بڑی تعداد میں ایل پی جی سلنڈرز، ایندھن اور کیمیکل موجود ہونے کے باعث صورتحال انتہائی خطرناک رہی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق اس کے پیش نظر ریسکیو ٹیموں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے محدود انداز میں کارروائیاں جاری رکھیں تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ محکمہ کسٹمز کے مطابق ویئر ہائوس میں اربوں روپے مالیت کی پکڑی جانے والی غیر ملکی گاڑیاں اور قیمتی اشیاء موجود تھیں جو کہ آگ کی وجہ سے جل گئی ہیں۔