گلیشیائی جھیلیں پھٹنے کا خطرہ، متعلقہ اضلاع میں الرٹ جاری

سیاحوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریزکی ہدایت

May 11, 2026 · قومی

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج (پیر) سے داخل ہوگا، جس کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔

ترجمان پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیاگیا ہے۔

اس حوالے پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی جانب سے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔

چترال اپر و لوئر، سوات، دیر اپر، کوہستان اپر اور مانسہرہ سمیت بالائی اضلاع میں موجود گلیشیائی جھلیوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ اور لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے خیبر پختو نخوا نے ضلعی انتظامیہ کو حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس ضمن میں مقامی آبادی اور سیاحوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کم نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشقیں کرانے، محفوظ انخلائی مراکز فعال رکھنے اور ریسکیو اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔پی ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ پانی کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی، کیچڑ یا پتھروں کی غیر معمولی آوازوں کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقام منتقل ہو جائیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کے مطابق حساس علاقوں میں مویشیوں اور ضروری سامان کو محفوظ بلند مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی الرٹ سسٹم فعال رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔

این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سمیت متعلقہ اداروں کو ممکنہ سڑک بندشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔