اسلام آباد سے اغواء دو ماہ کی بچی مری سے بازیاب، خاتون گرفتار

ٹیکسی ڈرائیور بھی پکڑا گیا، ملزمہ جعلی نام سے رہائش پذیر تھی

May 11, 2026 · قومی

اغواء کے بعد بحفاظت بازیاب ہونے والی دو ماہ کی بچی فجر نور

اسلام آباد کے تھانہ بھارہ کہو کی حدود سے اغواء ہونے والی دو ماہ کی بچی فجر نور کو پولیس نے چند گھنٹوں میں مری سے بحفاظت بازیاب کرالیا۔ اغواء میں ملوث مرکزی ملزمہ خاتون اقصیٰ جمیل اور ٹیکسی ڈرائیور ظہیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق واقعہ کے فوری بعد ڈی آئی جی اسلام آباد نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی محمد خرم اشرف اور ایس ڈی پی او شمس اکبر کی زیر نگرانی خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔

پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کی مدد سے تیز کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچی کو مری سے برآمد کیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزمہ اقصیٰ جمیل نے بچی کو کھلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے جا کر اغواء کیا اور بعد ازاں ٹیکسی ڈرائیور ظہیر کے ساتھ فرار ہو گئی۔ ملزمہ مبینہ طور پر محلے میں جعلی نام “مریم” سے رہائش پذیر تھی۔

پولیس ٹیموں نے ٹیکسی ڈرائیور ظہیر سمیت مختلف اشخاص کو شامل تفتیش کیا، پولیس ٹیموں نے مری میں کامیاب کارروائی کے دوران دو ماہ کی بچی فجر نور کو بحفاظت بازیاب کروالیا، ۔

پولیس نے مختلف افراد کو شاملِ تفتیش کیا، جس کے بعد کامیاب کارروائی میں دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق اغواء جیسے سنگین جرم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دلائی جائے گی۔

ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کا کہنا ہے کہ کہا کہ پولیس نے رواں سال 2026 میں بھی کئی اہم کیسز 24 گھنٹوں سے کم وقت میں حل کیے ہیں اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اسلام آباد پولیس کے اولین ترجیح ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق پولیس ہیلپ لائن یا متعلقہ تھانہ کو اطلاع کریں۔