وزیراعظم نے ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں کیلیے ٹاسک فورس قائم کرنے کی منظوری دے دی
وبائی حکومتوں کے تعاون سے ایسا مؤثر نظام تشکیل دیا جائے جو نہ صرف صفائی کے معیار کو بہتر بنائے بلکہ ماحول دوست پالیسیوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو,
فوٹو سوشل میڈیا
اسلام آباد: وزیراعظم کی زیر صدارت سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر خصوصاً اسلام آباد میں جدید اور پائیدار سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام متعارف کرانے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ایسا مؤثر نظام تشکیل دیا جائے جو نہ صرف صفائی کے معیار کو بہتر بنائے بلکہ ماحول دوست پالیسیوں کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہو۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ انہوں نے سالڈ ویسٹ کو توانائی میں تبدیل کرنے کے لیے ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی غرض سے خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجوزہ ٹاسک فورس جدید ٹیکنالوجی اور عالمی تجربات کی روشنی میں سفارشات مرتب کرے گی تاکہ پاکستان میں ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں کو مؤثر انداز میں فروغ دیا جا سکے۔ اس امر پر بھی زور دیا کہ ٹاسک فورس میں نجی شعبے کے نمائندوں اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہرین کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔
سالڈ ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے سے درآمدی ایندھن پر انحصار میں مزید کمی آئے گی اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہو گی۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے بہتر نظام سے کاربن فٹ پرنٹ میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے، جبکہ ماحول دوست قابل تجدید توانائی کے ذرائع کا فروغ حکومت کی پائیدار ترقی کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔