کراچی میں انمول پنکی کے باتھ رو سے 65 لاکھ روپے کی کوکین برآمد

نشاندہی کرانے فلیٹ پر لے کر گئی، 228 گرام تین تھیلیوں میں چھپا کر رکھی گئی تھی

May 15, 2026 · اہم خبریں, قومی

کراچی میں ساؤتھ پولیس نے گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے اس کے فلیٹ کے باتھ روم سے 65 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی کوکین برآمد کر لی جبکہ ملزمہ کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سچل تھانے میں تفتیشی افسر مثل خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا تھا کہ وہ کوکین اور دیگر منشیات برآمد کروا سکتی ہے اور اس نے اپنے ذاتی فلیٹ میں منشیات چھپا رکھی ہے۔

پولیس ٹیم ملزمہ کی نشاندہی پر متعلقہ فلیٹ پہنچی جہاں ملزمہ نے پولیس موبائل کو کمپلیکس کے اندر رکوایا اور اہلکاروں کو اپنے فلیٹ تک لے گئی۔ پولیس کے مطابق فلیٹ پر تالا لگا ہوا تھا جسے کانسٹیبل نے توڑا، جس کے بعد ٹیم اندر داخل ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ سیدھی اہلکاروں کو باتھ روم میں لے گئی جہاں تلاشی کے دوران پلاسٹک کی مختلف تھیلیوں میں چھپائی گئی کوکین برآمد ہوئی۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق تین تھیلیوں سے مجموعی طور پر 228 گرام کوکین برآمد کی گئی جبکہ وہاں سے منشیات کی سات خالی ڈبیاں بھی ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی کوکین کی مالیت 65 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ ملزمہ انمول عرف پنکی نے دورانِ تفتیش تسلیم کیا کہ برآمد ہونے والی منشیات اسی کی ملکیت ہے، جس کے بعد اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔