این ڈی ایم اے کا آئندہ 24سے 48گھنٹے میں بارش، ژالہ باری کا الرٹ
ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، سجاول، جامشورو،حیدرآباد، کراچی، ماتلی، مٹیاری، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈومحمد خان میں بارش متوقع
فائل فوٹو
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )نے آئندہ 24سے 48گھنٹے میں بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور لاہور سمیت کئی اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین میں بارش متوقع ہے، اس کے علاوہ شیخوپورہ، فیصل آباد، سرگودھا اور اوکاڑہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں بارش متوقع ہے۔ادھرخیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، چترال، دیر، سوات، صوابی ، کالام ، منگورہ اور مالا کنڈ میں بارش ہوگی،بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے،نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، چارسدہ، ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کاامکان ہے۔
ادھرسندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کاامکان ہے،ٹھٹھہ، بدین، میرپور خاص، سجاول، جامشورومیں بارش کا امکان ہے،حیدرآباد، کراچی، ماتلی، مٹیاری، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈومحمد خان میں بارش ہوگی۔
بلوچستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور چندمقامات پر ژالہ باری متوقع ہے،کوئٹہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، چمن میں بارش متوقع ہے۔