ٹھٹھہ : رشتے کے تنازع پر فائرنگ سے 4 افراد زخمی

زخمیوں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کردیا گیا۔

May 15, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ٹھٹھہ : نواحی گاؤں بکیرا میں رشتے کے تنازع پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر سول اسپتال ٹھٹھہ منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گاؤں بکیرا کے رہائشی نوجوان رفیق ولد فقیر محمد نے تقریباً چھ ماہ قبل نسیما دختر رجب بکیرا سے پسند کی شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں گھر سے چلے گئے تھے۔ اس واقعے پر لڑکی کے اہلخانہ نے رفیق اور اس کے خاندان کے 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا، جبکہ کیس سیشن کورٹ ٹھٹھہ میں زیر سماعت تھا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز سیشن کورٹ ٹھٹھہ نے مقدمے میں نامزد تمام افراد کو باعزت بری کردیا، جس پر فریقین میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ آج صبح بکیرا اسٹاپ پر ملزمان گل حسن اور اس کے بیٹے معشوق نے مبینہ طور پر مخالفین پر سیدھی فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں منظور، اسلم، شاہنواز سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔