امریکی تحویل سے11 پاکستانی اور 20 ایرانی شہری واپس آگئے ، اسحاق ڈار
میں امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو اور حکومتِ امریکہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں ، وزیر خارجہ
فائل فوٹو
اسلام آباد: وزیر خارجہ و سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے الحمدللہ، مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکہ کی جانب سے بین الاقوامی سمندری حدود میں تحویل میں لیے گئے جہازوں پر موجود 11 پاکستانی شہریوں اور برادر ملک ایران کے 20 شہریوں کی سنگاپور کے ذریعے کامیاب وطن واپسی ممکن بنائی گئی ہے۔
اپنے ایکس بیان میں انہوں نے کہا تمام افراد خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً مشکل حالات میں گھرے شہریوں کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تمام افراد سنگاپور سے بنکاک پہنچ چکے ہیں اور آج رات اسلام آباد پہنچنے والی پرواز میں سوار ہو چکے ہیں۔ ہمارے ایرانی بھائیوں کو بعد ازاں ان کے وطن واپسی میں سہولت فراہم کی جائے گی۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ عزت مآب ویوین بالا کرشنن، وزیر اعظم اور حکومتِ سنگاپور کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے میری درخواست پر اس پورے عمل میں مسلسل تعاون اور بھرپور معاونت فراہم کی۔ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ، برادر ڈاکٹر عباس عراقچی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنے ایرانی بھائیوں کی وطن واپسی کے لیے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا میں امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو اور حکومتِ امریکہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے 31 پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی محفوظ اور ہموار واپسی کے لیے قریبی تعاون فراہم کیا۔ اسی طرح حکومتِ تھائی لینڈ کا بھی مشکور ہوں جس نے ہماری درخواست پر ان افراد کے بنکاک کے ذریعے ٹرانزٹ میں سہولت فراہم کی۔
وزارتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ اور سنگاپور و تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفارتی مشنز میں اپنے ساتھیوں کی بروقت رابطہ کاری اور انتھک کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جن کی بدولت یہ کامیابی سے مکمل ہوئی۔