بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح:وزیراعظم
وزیراعظم کا اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کے مؤثر استعمال اور نتائج پر زور
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہتر کارکردگی رکھنے والی وزارتوں کو ترقیاتی بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت رواں سال کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ سال کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور ان کے لیے درکار فنڈز پر غور کیا گیا، جبکہ رواں سال کے پی ایس ڈی پی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگایا جائے گا جن کے نتائج یقینی ہوں۔ ان کے مطابق پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
اجلاس میں قومی نوعیت کے پانی ذخیرہ اور پن بجلی منصوبوں بشمول داسو ڈیم، دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجرا اور مارکیٹ میں اس کی پذیرائی پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی تعریف کی۔
اجلاس میں ریلوے، آئی ٹی اور وزارتِ توانائی کی کارکردگی کو سراہا گیا جبکہ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید فروغ دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، حنیف عباسی، سردار اویس لغاری، عبدالعلیم خان، خالد مقبول صدیقی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔