وزیر اعلیٰ اور گورنر خیبر پختونخوا صوبائی حقوق کے لیے پہلی بار ایک پیج پر آگئے

گندم ترسیل اور سی این جی بندش پر مشترکہ جدوجہد کا اعلان

May 18, 2026 · اہم خبریں, قومی

وزیراعلیٰ اور گورنر خیبرپختونخوا کا مشترکہ مؤقف

پشاور میں پہلی بار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی صوبائی حقوق کے لیے ایک صفحے پر آگئے اور گندم کی ترسیل اور سی این جی کی بندش کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا اعلان کیا۔

یہ مشترکہ پریس کانفرنس خیبر پختونخوا اسمبلی کے قومی جرگہ ہال میں ہوئی جس میں اسپیکر بابر سلیم سواتی اور اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ بھی شریک تھے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے کے ساتھ ظلم کر رہی ہے اور آرٹیکل 151 کے تحت خوراک کی اشیاء کی نقل و حمل پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں غریب شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خرید رہا ہے جبکہ صوبہ 508 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کرتا ہے لیکن اس کے باوجود سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہم نہیں کی جا رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 158 کے تحت گیس پیدا کرنے والے صوبے کی پہلی ضرورت پوری کی جانی چاہیے، لیکن خیبر پختونخوا کے عوام کو بند گلی میں دھکیلا جا رہا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ گندم اور سی این جی کی بندش صوبے کے اہم مسائل ہیں جن سے غریب طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو ان مسائل پر فوری توجہ دینی چاہیے اور سی این جی بندش آئین کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کو اس کا جائز حق دیا جائے تو صوبے کو گندم کے لیے کسی پر انحصار نہیں کرنا پڑے گا، جبکہ موجودہ صورتحال میں غریب عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ صوبے کی نمائندگی فیصلوں میں ہونی چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں کو صوبے کے لیے مل کر جدوجہد کرنی چاہیے۔