حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کی پھر پیشکش کردی
آپ لوگ جب کہیں 24 گھنٹے میں آپ کی وزیر اعظم سے میٹنگ ہو سکتی ہے۔رانا ثناء اللّٰہ
فائل فوٹو
اسلام آباد: سینیٹ اجلاس میں حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کی پھر پیشکش کردی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے 3 مرتبہ کہا ہم آپ سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں، آپ لوگ جب کہیں 24 گھنٹے میں آپ کی وزیر اعظم سے میٹنگ ہو سکتی ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ یہ جہاں سے شروع ہوں گے بات وہی سے شروع ہوگی، راجہ ناصر عباس وزیر اعظم کی آفر موجود ہے، آپ قدم بڑھائیں اگر آپ کے پاس اختیار ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے صحت کے مسئلے ہوئے، کیا جیل رولز میں لکھا ہے کہ ان کے گھر والوں کو بلایا جائے گا، ان کی نگرانی میں علاج ہوگا؟ جیل رولز میں ایسا نہیں ہے۔
سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو پاکستان میں موجود بہترین علاج دیا گیا ہے۔