راجن پور، کھیت میں داخل ہونے پر ایک شخص کے مبینہ تشدد سے اونٹنی ہلاک

اونٹنی مبینہ طور پر ایک شخص کے کھیت میں چرتے ہوئے داخل ہو گئی تھی، جس پر طیش میں آ کر ملزم نے اس پر شدید تشدد کیا۔

May 19, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راجن پور: راجن پور کے نواحی علاقے میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک کھیت میں داخل ہونے پر سنگدل شخص نے مبینہ تشدد کر کے اونٹنی کو ہلاک کر دیا۔

بارڈر ملٹری فورس (بی ایم ایف) کے مطابق اونٹنی مبینہ طور پر ایک شخص کے کھیت میں چرتے ہوئے داخل ہو گئی تھی، جس پر طیش میں آ کر ملزم نے اس پر شدید تشدد کیا۔ بے پناہ تشدد کی وجہ سے اونٹنی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

بی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد اونٹنی کے مالک کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد ہی اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔