گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت لاپتہ افراد کا سراغ نہ مل سکا

اہلخانہ کی تشویش برقرار، والد کی صحت اور حفاظت پر دعا کی اپیل

May 19, 2026 · قومی

وائس چانسلر سمیت لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے اہلخانہ کی اپیل

13 مئی سے لاپتہ گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر سمیت دیگر3 افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کے بیٹے حمید نے کہا کہ اہلخانہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں، خاص طور پر اس لیے کہ ان کے والد شوگر کے مریض ہیں اور انہیں ہر وقت ادویات کی ضرورت رہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ والد اور دیگر افراد بحفاظت اپنے گھروں کو واپس پہنچ جائیں۔

گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد، پرسنل سٹاف آفیسر ڈاکٹر ارشاد احمد بلیدی اور ڈرائیور حاتم بدل 13 مئی کو گوادر سے کوئٹہ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئے تھے۔سرکاری حکام کے مطابق شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ان افراد کو اغوا کیا گیا ہے، تاہم کسی تنظیم نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

مزید بتایا گیا کہ ان کے لاپتہ ہونے کے دو روز بعد 16 مئی کو نوشکی میں ایک اسسٹنٹ پروفیسر کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔حکام کے مطابق واقعے کے محرکات کے حوالے سے پولیس کی جانب سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں۔

اساتذہ کے اغوا اور قتل کے واقعات کے بعد تعلیمی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے اور اساتذہ تنظیموں نے سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔