شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، آئی ایس پی آر
فائل فوٹو
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر ایک بڑا اور کامیاب آپریشن کرتے ہوئے ’فتنہ الخوارج‘ کے 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت کے زیرِ سرپرستی چلنے والے ’فتنہ الخوارج‘ سے تعلق رکھنے والے 22 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ یہ خوارج علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرمِ عمل تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں تاحال سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو مؤثر طریقے سے گھیرے میں لے رکھا ہے تاکہ باقی ماندہ خوارج کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی اپیکس کمیٹی کی منظوری کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف بے رحم مہم پوری طاقت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کی لعنت کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔