انصاف جیت گیا، قتل کے مقدمے میں سابق ایس پی کو سزائے موت

سینیٹ ملازم حمزہ خان قتل کیس میں دیگر دو ملزمان کو بھی دس دس برس قید کی سزا سنا دی گئی

May 20, 2026 · اہم خبریں, قومی

سابق ایس پی عارف حسین جنہیں قتل کے مقدمے میں موت کی سزا سنائی گئی

اسلام آباد میں انصاف جیت گیا۔ قتل کے مقدمے میں سابق ایس پی کو سزائے موت ہوگئی۔

عدالت نے حمزہ خان قتل کیس میں سابق ایس پی سمیت تین ملزمان کو مختلف سزائیں سناتے ہوئے مختصر تحریری فیصلہ بدھ کے روز جاری کر دیا۔

اسلام آباد کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج محمد افضل مجوکہ نے سینیٹ ملازم حمزہ خان قتل کیس کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

فیصلے کے مطابق اسلام آباد پولیس کے سابق ایس پی عارف حسین شاہ کو دفعہ 302 کے تحت سزائے موت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

عدالت نے شریک ملزمان صابر شاہ اور ثقلین شاہ کو دفعہ 302 کے تحت عمر قید اور 10،10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا ہے۔

تحریری فیصلے کے مطابق مجرم عارف حسین شاہ، صابر شاہ اور ثقلین شاہ کو اغواء کی دفعات کے تحت 10،10 سال قید اور 10،10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔

عدالت نے تینوں مجرموں کو ثبوت مٹانے کی دفعہ کے تحت 7،7 سال قید اور ایک، ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا بھی حکم دیا ہے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تمام سزاؤں کا اطلاق بیک وقت ہوگا۔

حمزہ خان کے قتل کا مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج ہے۔