کوئٹہ کے قریب 2 سرکاری اہلکار قتل
دونوں اہلکار بھائی تھے۔ مستونگ کے قرین نشانہ بنایا گیا۔ وزیراعلیٰ کی مذمت
May 23, 2026 · قومی
کوئٹہ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے دو سرکاری اہلکاروں کو قتل کردیا۔
دونوں اہلکار جو آپس میں سگے بھائی تھے، کو نامعلوم مسلح افراد نے جمعہ کی شام ضلع مستونگ کے علاقے غنجہ ڈوری میں نشانہ بنایا۔
سرکاری حکام کے مطابق مارے جانے والے افراد کی شناخت فنانس آفیسر فرید اللہ شاہ اور ان کے بھائی انعام اللہ شاہ کے ناموں سے ہوئی۔ انعام اللہ شاہ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ کے ملازم تھے۔
اس حملے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔