ایف آئی اے کی ملتان ائرپورٹ پر کارروائی۔ 2 خواتین مسافر آف لوڈ
ائیرپورٹ کے احاطے سے گینگ کے 5 ایجنٹوں اور سہولتکاروں کو گرفتار کر لیا گیا
ایف آئی اے امیگریشن ملتان نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران بیرون ملک بھیجی جانے والی 2 خواتین مسافروں کو آف لوڈ کر کے ائیرپورٹ کے احاطے سے گینگ کے 5 ایجنٹوں اور سہولتکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دونوں خواتین فیمیلی ویزے پر عمان جا رہی تھیں، تاہم ان کے بیانات اور سفری دستاویزات میں سنگین تضادات پائے گئے۔ مزید تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ عمان میں خواتین کا کوئی شوہر یا قریبی رشتہ دار موجود نہیں تھا جبکہ ویزے جعلی معلومات اور دھوکہ دہی کے ذریعے حاصل کیے گئے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلروں کی جانب سے خواتین کو بیرون ملک ملازمت اور بہتر زندگی کا جھانسہ دے کر بھیجا جا رہا تھا، جہاں انہیں ہراسانی، جنسی استحصال اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ گینگ کے دیگر ساتھی عمان سے منظم نیٹ ورک چلا رہے ہیں، جن کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے عمان میں تعینات ایف آئی اے لنک آفیسر سے رابطہ کر لیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔