کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ۔20 افراد زخمی

دھماکے کے بعد قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ امدادی کارروئیاں جاری

May 24, 2026 · قومی

کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ٹرین کو بھی جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 10 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ آس پاس کی کچھ عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

دھماکے کے بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں ریلوے لائن کے قریب کھڑی گاڑیوں میں آگ لگی ہوئی ہے جبکہ ٹریک پر ٹرین کی بوگیاں اُلٹی ہوئی ہیں۔ تاہم فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اتوار کی صبح ہونے والے اس دھماکے کے حوالے سے محکمہ داخلہ حکومت بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی کا کہنا ہے واقعہ کی معلومات حاصل کررہے ہیں۔

جائے وقوعہ سے ایک عینی شاہد عرفان خان نے بتایا کہ دھماکے کی شدت کی وجہ سے ٹرین کی دو بوگیاں الٹ گئی ہیں جن میں آگ بھڑک اٹھنے کی وجہ سے ایک بوگی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

دھماکے کی وجہ سے ٹریک کے ساتھ بعض کاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز شہر میں دور تک سنائی دی۔

دھماکے کے باعث کوئٹہ شہر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔