بیرسٹر گوہر،سہیل آفریدی کی محسن نقوی سے ملاقات کا علم نہیں تھا۔علیمہ خان

ہمارے خاندان کا کوئی رکن اس ملاقات میں موجود نہیں تھا

May 25, 2026 · قومی

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے ایکس اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر اور سہیل آفریدی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارے خاندان کو اس ملاقات کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا اور نہ ہی خاندان کا کوئی رکن اس ملاقات میں موجود تھا۔

علیمہ خان بنیادی طور پر ایک ایکس پوسٹ کا جواب دے رہی تھیں، جس میں تحریر کیا گیا تھا کہ سہیل آفریدی، علیمہ خان اور محسن نقوی کی ملاقات بیرسٹر گوہر کے گھر میں ہوئی۔

اس کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر علیمہ خان کی پوسٹ کا حوالہ دے کر اپنا مؤقف بیان کیا۔ انھوں نے لکھا: ’میری محسن نقوی سے ملاقات بنوں میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات اور صوبے کے امن و امان کے حوالے سے تھی اور اس میں کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی۔

گذشتہ روز پریس کانفرنس میں سہیل آفریدی نے ایک بار پھر تحریک انصاف کا یہ مطالبہ دہرایا کہ ’عمران خان کا علاج ان کی فیملی کی موجودگی میں اور ان کے ذاتی ڈاکٹرز کی نگرانی میں الشفا انٹرنیشنل ہسپتال سے کرایا جائے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے پریس کانفرنس میں ممبران صوبائی اسمبلی اور وزرا کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت جمعے کے روز احتجاج میں شرکت کی ہدایت بھی کی۔