وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل نیویارک روانہ ہونگے

نائب وزیراعظم 26 سے 28 مئی کے دوران نیویارک کے دورے کے لیے بیجنگ سے روانہ ہوں گے۔

May 25, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بیجنگ سے نیویارک کے دورے کے لئے روانہ ہوں گے۔ نائب وزیراعظم 26 سے 28 مئی کے دوران نیویارک کے دورے کے لیے بیجنگ سے روانہ ہوں گے۔

وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نیویارک میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 26 مئی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اوپن مباحثے میں شرکت کریں گے جس کا عنوان ’’بین الاقوامی امن و سلامتی کا تحفظ: اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری اور اقوام متحدہ پر مبنی بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانا‘‘ ہے۔

یہ مباحثہ مئی 2026ء کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی گردشی صدارت رکھنے والے چین کی جانب سے منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ اس کی صدارت چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کریں گے۔پاکستان چین کے اس بروقت اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے جو کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے اور موجودہ پیچیدہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔