نائب وزیرِاعظم وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے

اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

May 26, 2026 · قومی

نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے۔ان کا دورہ 26 سے 28 مئی تک ہوگا۔
منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیرِاعظم دورے کے دوران ”بین الاقوامی امن و سلامتی کی بحالی: اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کو برقرار رکھنے اور اقوام متحدہ کے مرکزیت کے حامل بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانے“ کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اعلیٰ سطح کی بحث میں شرکت کریں گے جس کا انعقاد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین کی صدارت میں کیا جارہا ہے۔
نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اپنے ہم منصبوں کے علاوہ اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔
نائب وزیرِاعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا نیویارک آمد پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی نے استقبال کیا۔