آلائشوں سے جنگی طیاروں کو لاحق خطرات، پاک فضائیہ کی آگاہی ویڈیو جاری
کھلے مقامات پر پھینکی گئی آلائشیں پرندوں خصوصاً چیلوں اور کوّوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں، جس سے ایئر بیسز کے اطراف پرندوں کی تعداد میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
اسلام آباد: پاک فضائیہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک اہم آگاہی ویڈیو جاری کی ہے جس میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو کھلے عام پھینکنے سے جنگی طیاروں اور فلائٹ آپریشنز کو لاحق خطرات سے خبردار کیا گیا ہے۔
ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ کھلے مقامات پر پھینکی گئی آلائشیں پرندوں خصوصاً چیلوں اور کوّوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں، جس سے ایئر بیسز کے اطراف پرندوں کی تعداد میں اضافہ ہو جاتا ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئرپورٹس اور ایئر بیسز کے قریب پرندوں کی موجودگی ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران طیاروں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ پرندوں کے جہاز سے ٹکرانے کے نتیجے میں انجن اور دیگر حساس آلات کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ انسانی جانوں اور قیمتی طیاروں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آلائشوں کو کھلے میں پھینکنے کے بجائے انہیں مناسب طریقے سے کچرے کے تھیلوں میں بند کر کے حکومتی ہدایات کے مطابق مخصوص مقامات پر تلف کیا جائے یا زمین میں گہرا گڑھا کھود کر دفن کیا جائے۔
پاک فضائیہ نے کہا ہے کہ صفائی اور احتیاطی تدابیر اختیار کر کے ایسے خطرناک حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔