عید الاضحیٰ تقویٰ،خلوص،خدمت اور انسانیت کے درد کو محسوس کرنے کا درس دیتی ہے۔صدرآصف زرداری
قربانی صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ ایک مکمل اخلاقی پیغام ہے
صدرمملکت آصف علی زرداری نے عید الاضحیٰ کے بابرکت اور پرمسرت موقع پر پاکستانی عوام، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عید ہمیں اطاعتِ الٰہی، صبر، وفا، اخلاص اور ایثار کے اس عظیم جذبے کی یاد دلاتی ہے جو حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی سیرتِ مبارکہ سے ہمیں ملتا ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ عید الاضحیٰ ہمیں یہ سمجھاتی ہے کہ قربانی صرف ایک مذہبی فریضہ نہیں بلکہ ایک مکمل اخلاقی پیغام ہےاور انسان کی اصل کامیابی مال و دولت، طاقت یا ظاہری شان میں نہیں، بلکہ تقویٰ، خلوص، خدمت اور انسانیت کے درد کو محسوس کرنے میں ہے۔
رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا:أَحَبُّ النَّاسِ إِلَى اللَّهِ أَنْفَعُهُمْ لِلنَّاسِ:اللہ تعالیٰ کے نزدیک سب سے محبوب انسان وہ ہے جو لوگوں کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچائے۔انہوں نے کہا کہ قربانی کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم اپنے دلوں میں دوسروں کے لیے جگہ پیدا کریں۔ عید کی خوشیاں اسی وقت مکمل ہوتی ہیں جب ہمارے اردگرد موجود محروم، مستحق، یتیم، بیوہ، بیمار، مزدور، معذور، بے سہارا اور سفید پوش افراد بھی ان خوشیوں میں شریک ہوں۔ ہمیں خاص طور پر اُن لوگوں کا خیال رکھنا ہے جو اپنی ضرورت کا اظہار نہیں کرتے اور خاموشی سے مشکلات برداشت کرتے ہیں۔