کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کراچی کی انتظامیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوتی ہے اور اس موقع پر پانچ روز تک تمام بلدیاتی ادارے متحرک رہتے ہیں۔
پولو گراؤنڈ میں نمازِ عیدالاضحیٰ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر میں آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے تین پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 98 ٹن آلائشیں ٹھکانے لگائی گئی تھیں جبکہ اس سال اس سے بھی زیادہ آلائشیں اٹھائے جانے کی توقع ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آلائشوں کو اٹھانا اور ٹھکانے لگانا سالڈ ویسٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کسی علاقے سے آلائشیں نہ اٹھائی جائیں تو وہ 1128 ہیلپ لائن پر شکایت درج کرائیں۔