فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ مغربی سرحدوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ منائی
بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتی، آرمی چیف
فیلڈ مارشل عاصم منی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مغربی سرحدوں پر تعینات اگلے مورچوں کے جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
دورے کا آغاز نمازِ عید سے ہوا، جس میں پاکستان کے پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے شہدا کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے بلند حوصلے، غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ تیاری اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل چوکسی کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی اور دشمن قوتوں کے خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع میں افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے حالیہ کوئٹہ دہشت گرد حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم “فتنہ الہندوستان” اور اس کے سہولت کاروں کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلوچستان کے عوام کے تعاون سے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
ژوب پہنچنے پر کوئٹہ کورکے کمانڈر نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں فیلڈ مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے دفاع میں شہادت پانے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔